نئی دہلی، 2/مارچ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)شمالی ریاستوں سے جاٹ برادری کے ہزاروں لوگ ہریانہ میں جاری ریزرویشن تحریک کو اپنی حمایت دینے کے لیے یہاں جنتر منتر پہنچے۔جاٹ تحریک کے لیڈران ملازمتوں اور تعلیم میں ریزرویشن کا مطالبہ کر رہے ہیں۔اتر پردیش، ہریانہ، اتراکھنڈ، دہلی اور پنجاب کے جاٹ مظاہرین سے مظاہرے کی جگہ تک جانے والی سڑکیں بھر گئیں، جس کی وجہ سے اس علاقے سے گزرنے والی گاڑی کے ڈرائیوروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مظاہرے کی جگہ تک پہنچنے والے مظاہرین کی بھیڑ سے نمٹنے کے لیے اہم چوراہوں اور راستوں پر پولیس اور ٹریفک اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔تحریک کی قیادت کر رہے اکھل بھارتیہ جاٹ ریزرویشن سنگھرش سمیتی کے صدر یشپال ملک نے کہاکہ ہریانہ میں جاٹ برادری کے لوگوں کے لیے انصاف اور ریزرویشن کے اپنے مطالبہ میں شدت لانے کے لیے جنتر منتر پر ’جاٹ انصاف دھرنا‘ کاانعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمیونٹی کے رکن ریزرویشن کو لے کر صدر اور وزیر اعظم کو ایک میمورنڈم سونپیں گے اور پارلیمنٹ کی طرف مارچ نکالیں گے۔دیگر پسماندہ طبقے (او بی سی)زمرے کے تحت تعلیم اور سرکاری ملازمتوں میں ریزرویشن کے مطالبہ کے علاوہ جاٹ گزشتہ سال کی ریزرویشن تحریک کے دوران جیل میں بند لوگوں کو رہا کرنے، مظاہرے کے دوران درج کئے گئے مقدمات کو واپس لینے اور اس دوران مارے گئے اور زخمی ہوئے لوگوں کے اہل خانہ کو ملازمت دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔گزشتہ سال جاٹ تحریک کے دوران ہوئے تشدد میں ہریانہ کے مختلف مقامات پر 30افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ کروڑوں روپے کی املاک کو نقصان پہنچا تھا۔